جھیل مخاڈی خاڈی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

جھیل مخاڈی خاڈی ایک سابقہ جھیل ہے جو بوٹسوانا میں صحرائے کالاہاری میں آج سے 20 لاکھ سال قبل سے 10،000 سال قبل حاضر تک موجود تھی۔ اس کا رقبہ 80،000 سے 2،75،000 مربع کلومیٹرکے درمیان اور گہرائی 30 میٹر تک رہی ہوگی۔ اوکوانگو، بالائی زیمبیزی اور کوانڈو دریا سبھی اس میں گرتے ہوں گے۔ اس کی باقیات اب مخاڈی خاڈی نمک کے میدانوں میں دکھائی دیتی ہیں۔

ڈی این اے تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جھیل کے اردگرد کا علاقہ اولین بنی نوع انسان کا مسکن رہا ہے اور یہیں 2 لاکھ سال قبل بنی نوع انسان الگ نوع بنی اور پھ ر70،000 سال بعد افریقہ کے دیگر حصوں تک پھیل گئی۔

ابتدا اور تاریخ[ترمیم]

30 لاکھ سال قبل صحرائے کالاہاری میں چلنے والی تیز ہواؤں نے ریت کی طویل اور اونچی پہاڑیاں بنا دیں جو مشرق سے مغرب کی سمت تھیں۔ جب بھی بارشیں ہوتیں تو ان ریتلی پہاڑیوں میں مقامی دریا اوکوانگو، چوبے اور بالائی زیمبیزی دریا گزرتے اور جنوب مشرق میں لمپوپو میں شامل ہو کر بحر ہند میں جا گرتے۔

شمالی بوٹسوانا میں دراڑیں پائی جاتی ہیں جو ریت کے نیچے دبی ہوئی ہیں۔ یہ دراڑیں مشرقی افریقہ کی عظیم وادئ شق کا انتہائی جنوبی سرا سمجھی جاتی ہیں۔ 20 لاکھ سال قبل ایک دراڑ جو ہرارے سے شروع ہو کر بولاوایو سے گزرتی ہوئی صحرائے کالاہاری کی مشرقی جانب جاتی ہے، نے حرکت کر کے لمپوپو کی سمت پانی کا بہاؤ روک دیا۔ اس کے نتیجے میں جھیل مخاڈی خاڈی بنی۔

کالاہاری کے اونچے علاقوں میں لہروں سے بننے والی علامات دکھائی دیتی ہیں۔ گھوہا پہاڑیوں کی مشرقی جانب اور ساووتی کے شمال میں یہ علامات اور بھی واضح دکھائی دیتی ہیں۔ یہاں گول مٹول پتھر عام دکھائی دیتے ہیں۔

ہزار سال کے دوران جھیل اپنی حد تک بھر گئی اور پھر 20،000 سال قبل اضافی پانی نے بہنا شروع کر دیا جو شمال مشرق کی جانب تھا۔ اس طرح درمیانی اور زیریں زیمبیزی دریا مل گئے اور وکٹوریا آبشار بنی۔ بہاؤ شروع ہونے کی وجہ سے جھیل مخاڈی خاڈی کی سطح کم ہو گئی۔

خشک موسم کی آمد کے ساتھ آبی بخارات کی رفتار بڑھی اور جھیل میں دریاؤں سے آنے والا پانی بھی کم ہوتا گیا۔ 10،000 سال قبل جھیل کے خشک ہونے کا عمل کافی تیز ہو چکا تھا۔ دریائے اوکوانگو سے آنے والے گاد اور ہوا سے اڑنے والی ریت نے جھیل کو بتدریج بھرنا شروع کر دیا۔

گماری دراڑ بننے کی وجہ سے یہ علاقہ نیچا ہو گیا۔ نیتجتاً دریائے اوکوانگو کا پانی زیادہ بڑے رقبے پر پھیلنے لگا جو اوکوانگو دہانے (ڈیلٹا) کی موجودہ شکل سے ظاہر ہے۔ اس سے جھیل میں پانی کی آمد مزید کم ہوئی اور اس کا خاتمہ تیز ہو گیا۔

انسانی ابتدا کے نظریات[ترمیم]

اکتوبر 2019 میں ونیسا ہیز کی قیادت میں ایک جماعت نے نظریہ پیش کیا کہ جھیل مخاڈی خاڈی کے اردگرد کے علاقے میں بنی نوع انسان کی ارتقا ہوئی۔ اس نظریے کے پیش نظر جنوبی افریقہ میں 1،217 افراد کے مائٹوکونڈریل ڈی این اے کے نتائج تھے۔ محققین نے جانا کہ جدید بنی نوع انسان کا قدیم ترین آغاز آج سے لگ بھگ 2 لاکھ سال قبل ہوا۔ ان کے نزدیک یہ آغاز موجودہ دور کے بوٹسوانا، نمیبیا اور زمبابوے کے کچھ حصوں میں ہوا جو دریائے زیمبیزی کے جنوب میں واقع ہیں۔ یہ علاقہ جھیل مخاڈی خاڈی کے ساحلوں پر مشتمل ہے۔

اس نظریے کو لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم کے کرس سٹنگر اور پینسلووینیا یونیورسٹی کی ماہرِ جینیات سارہ ٹشکوف نے رد کیا۔

ماحولیات[ترمیم]

جھیل مخاڈی خاڈی کے بارے سمجھا جاتا ہے کہ یہ کئی انواع کی مچھلیوں کی ابتدا کا مقام ہے۔ جھیل کا حجم اتنا زیادہ تھا کہ اس کے مختلف حصوں میں پائی جانے والی مچھلیاں ایک دوسرے سے یکسر مختلف ماحول میں ارتقا پائی ہوں گی اور شاید ان کی ارتقا میں انتہائی کم وقت لگا ہوگا۔ اس نظریے کے مطابق جب نئی انواع پیدا ہوئیں تو پھر بہاؤ کے ساتھ وہ دیگر دریاؤں کو منتقل ہوئی ہوں گی۔

باقیات[ترمیم]

آج ہمیں جھیل مخاڈی خاڈی کی باقیات اوکوانگو دہانے (ڈیلٹا)، نیکسائی میدان، جھیل نگامی، جھیل ایکساؤ، مابابے نشیب اور مخاڈی خاڈی میدان میں ملتے ہیں۔

مخاڈی خاڈی نمک کے میدان اس عظیم جھیل کی باقیات ہیں۔ اوکوانگو دہانہ (ڈیلٹا) بہت بڑا، دلدلی نوعیت کا اور خشکی سے گھرا ہے اور سابقہ مخاڈی خاڈی جھیل کے کچھ حصوں تک پہنچتا ہے۔ اس دہانے میں آنے والا پانی یا تو براہ راست آبی بخارات بن کر اڑ جاتا ہے یا پودوں کے ذریعے استعمال ہو جاتا ہے۔  

جھیل مخاڈی خاڈی
مقامKalahari Desert in Botswana